سلام آباد: تقریب کے مقررین کا سردار محمد عبدالقیوم خان کو برسی پر شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد: اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے معروف کشمیری رہنما او ر آزاد جموںوکشمیر کے سابق وزیر اعظم اور صدر سردار محمد عبدالقیوم خان کو انکی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار محمد عبدالقیوم خان ایک انتہائی زیرک اور دور اندیش سیاست دان تھے ۔ انہوںنے کہا کہ مرحوم نے تحریک آزادی میں گرانقدر خدمات انجام دیں ، مرحوم کی زندگی سیاسی طبقے کے لیے مشعل راہ ہے۔
جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر مشتاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر کام کیا ، وہ ایک عظیم شخصیت تھے ۔ انہوں نے عملی طور پر بھی جہاد میں حصہ لیا اور ڈوگرہ راج کے خلاف ان کی عملی جدوجہد قابل تحسین ہے۔
سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر ادریس عباسی نے اس موقع پر کہا کہ سردار عبدالقیوم خان کی تحریک آزادی کشمیر میں خدمات کا تذکرہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے کیا جائے گا۔
تقریب سے سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ، امتیاز نسیم، ادریس عباسی، سردار عاصم عباسی اور سرور حسین گلگتی سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا اورتحریک آزادی کشمیر کے لیے سردار عبدالقیوم خان کی گرانقدر خدمات پر روشنی ڈالی۔