بیروزگار ایگریکلچر گریجویٹس کا سوپور میں احتجاجی مارچ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایگریکلچرل سائنسز اینڈٹیکنالوجی یونیورسٹی کے سوپور کیمپس میں سینکڑوں بے روزگار ایگریکلچر گریجویٹس نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایگریکلچر گریجویٹس کو درپیش بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے بحران پرشدید تشویش کا اظہار کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے حکام کی عدم توجہی، ناقص پالیسیوں اور محکمہ زراعت میں خالی آسامیوں کو پر کرنے میں ناکامی کو اجاگرکیا جس سے ایگریکلچر گریجویٹس، پوسٹ گریجویٹس، ڈاکٹریٹ اور پوسٹ ڈاکٹریٹ طلباء کے لیے بے روزگاری کی صورتحال میں شدت آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر گورنمنٹ گریونس سیل کو سینکڑوں شکایات درج کرا چکے ہیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ احتجاج کرنے والوں میں شامل ایک شخص نے بتایاکہ ہماری انتھک کوششوں کے باوجود بے روزگارایگریکلچرگریجویٹس کے حقیقی خدشات کو دور کرنے میں حکومت کی ناکامی انتہائی مایوس کن ہے۔مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ محدود پالیسیاں اور متضاد فیصلے نہ صرف تعلیم یافتہ زرعی گریجویٹس کو روزگار کے مواقع سے محروم کر رہے ہیں بلکہ محکمہ زراعت میں نئے ٹیلنٹ اور آئیڈیاز کی آمد میں بھی رکاوٹ ہیں۔