مقبوضہ جموں و کشمیر

میر واعظ عمر فاروق کی طر ف سے نوجوانوں کی کردار سازی اور اتحاد کو فروغ دینے پر زور

today pic

سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فارو ق نے کہاہے کہ آج کا سب سے بڑا مسئلہ نوجوانوں اور نئی نسل کی کردار سازی اور تعمیر سیرت کا ہے جس کیلئے پوری ملت کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے موقعہ پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کو دین اسلام جو فی الحقیقت دین انسانیت ہے کی بنیادی تعلیمات اور اخلاقیات پر چلنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے معاشرے کوجو گوناگوں سماجی مسائل درپیش ہیں انکے حل اور اصلاح کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔میرواعظ نے کہا کہ دین اسلام کے پیروکاروں کے کوئی خاص اختلاف موجود نہیں ہیں صرف بعض مسائل اور معاملات میں جزوی اور فروعی اختلافات ہیں جو علمی نوعیت کے ہیں۔ میرواعظ نے کہا کہ متحدہ مجلس علما اتحاد بین المسلمین کی ایک نقیب کی حیثیت سے ملی اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ تمام ممبران مجلس ملت کشمیر کو کلمہ وحدت کی بنیاد پر یکجا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی اور شرپسند اور اتحاد دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت میں ناکام بنایا جائیگا۔میر واعظ نے علما و مشائخ اور واعظین پر زور دیا کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے وسیع تر مفاد میںایسے بیانات تقاریر اور خطابات سے پرہیز کریں جس سے عوام میں انتشاری کیفیت اورتفرقہ پیدا ہو ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس علما کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام مسالک کے علما اور مشائخ حضرات اپنے نماز جمعہ کے خطابات میںعوام کواپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی تلقین کریں گے۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں مسلسل خشک سالی اور شدید گرمی کے باعث پیدا شدہ مسائل اور مشکلات سے نجات کیلئے بارگاہ خداوندی میں عاجزی و انکساری کے ساتھ دعابھی مانگی ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button