خرم پرویز انسانی حقو ق کے علمبردار ہیں، دہشت گرد نہیں،اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ
جنیوا 23 نومبر (کے ایم ایس)
انسانی حقوق کے علمبرداروں کے بارے میں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ میری لالور نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے سرینگر سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے علمبردارخرم پرویز کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ نے ایک ٹویٹ میں خرم پرویز کے خلاف بھارتی فورسز کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آج کشمیرمیں خرم پرویز کی گرفتاری کی افسوسناک خبر ملی ہے اور قابض انتظامیہ کی طرف سے ان پردہشت گردی سے متعلق جرائم کا الزام لگائے جانے کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ”وہ دہشت گرد نہیں بلکہ انسانی حقوق کے علمبردار ہیں”۔اظہار رائے کی آزادی کے حق کے فروغ اور تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کے سابقہ خصوصی نمائندے ڈیوڈ کائی نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ خرم پرویز کی گرفتاری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسداد دہشت گردی کے ادارے این آئی اے کاایک اور غیر معمولی ظلم ہے۔