پاکستان

کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ، عطاءاللہ تارڈ

 

attah tararاسلام آ باد:وفاقی ویر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڈ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط سے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔انہوں نے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عطاءاللہ تارڈ نے برلن میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام ”یوم استحصال کشمیر “ کے سلسلے میں منعقدہ ایک ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ءکو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر ختم کی جسکا واحد مقصد کشمیریوں کو بے اختیار کرنا، حق رائے دہی سے محروم کرنا اور انہیں اپنی ہی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ جموں وکشمیر کے زمینی حقائق تسلیم کرنے کے بجائے مسلسل اٹوٹ انگ کا راگ الاپ رہا ہے۔ عطاءتارڈ نے کہا کہ بھارت خود تنازعہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں لے گیا تھا ،بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر وحشیانہ قبضہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان نے اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے کشمیری عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتا رہے گا،ہمارا اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے وعدہ ہے کہ ہم ان کی آواز ہر فورم پر اس وقت تک اٹھاتے رہیں گے جب تک عالمی برادری اس مسئلے کے حل کیلئے کردار ادا نہیں کرتی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور 5 اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے خاتمے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔
ویبینار سے برلن میں پاکستانی سفیر ثقلین سیدہ، لارڈ قربان حسین، پرشین سوسائٹی برلن کے اعزازی صدر مسسٹر وولکر تسپکے، ممتاز کشمیری رہنماﺅں شمیم شال، مشعال ملک، الطاف حسین وانی اور علی رضا سید نے بھی خطاب کیا اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button