سرمائی اجلاس کے پہلے دن کسان ٹریکٹروں پر پارلیمنٹ کی طرف مارچ کریں گے ، راکیش ٹکیت
نئی دلی24 نومبر (کے ایم ایس)
بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیٹ نے کہا ہے کہ 29نومبر سے شروع ہونیوالے بھارتی پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن ہی کسان تنظیمیں نئی دہلی پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راکیش ٹکیٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ کسان زرعی اجناس کی کم سے کم امدادی قیمت مقرر کرنے کی قانونی ضمانت کیلئے حکومت پر دبائو بڑھانے کیلئے 60 ٹریکٹروں کے ساتھ نئی دلی میں مارچ کریں گے اور 29 نومبر کو کسان بھارتی پارلیمنٹ تک ٹریکٹر مارچ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک میں ہلاک ہونیوالے 750سے زائد کسانوں کو شہید کا درجہ دینے، ان کے اہل خانہ کو معاوضے کی رقم کی ادائیگی ، گندم اور چاول کے علاوہ زرعی اجناس کی کم سے کم امدادی قیمت کیلئے قانون سازی اور لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل پر وزیر مملکت اجے مشرا کو وزیر کے عہدے سے برخاست کرنے سمیت تمام مطالبات پورے ہونے تک تحریک جاری رہے گی۔
ادھر متحدہ کسان مورچہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی دلی میں ٹریکٹر ریلیاں منعقد کرنے کی تیاریاں کی جاری ہیں۔ دلی اور اسکے نواحی علاقوں سے ہزاروں کسان ان ریلیوں میں شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کی تحریک کی جزوی فتح کا جشن 26 نومبر کو منایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ احتجاج کرنے والے کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بین الاقوامی کسان تنظیموں کی جانب سے بھی دنیا بھر میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ 26نومبر کو لندن میں،30نومبر کو پیرس، فرانس اور 4دسمبر کو کیلیفورنیا میں ریلیاں نکالی جائیں گی ۔