پاکستانجنیوا

مقبوضہ کشمیرمیں لاکھوں فوجیوں کی موجودگی میں کرائے جانیوالے انتخابی ڈھونگ کی کوئی حیثیت نہیں ، پاکستان

جنیوا:
پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں قابض فوجیوں کی موجودگی میں منعقد کرائے جانے والے نام نہاد انتخابات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بھارتی مندوب کے اظہار خیال پر جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری دانیال حسنین نے کہا کہ مندوب نے ایک بار پھر حقوق انسانی کونسل کو جموں و کشمیر میں حالیہ مضحکہ خیز انتخابات کے بارے بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اپنے غیر قانونی زیر تسلط علاقے میں لاکھوں کی تعداد میں فوجیوں کی تعیناتی، سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کرنے ، سیاسی رہنمائوں کو پابند سلاسل کرنے اور ہزاروں کشمیریوں کو شہید و زخمی کر کے وہاں منعقد کرائے جانیوالے نام نہاد انتخابات ایک ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی مندوب جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے معمولی ذکر پر بھی اس ڈر سے بے چین ہو جاتے ہیں کہ کہیں ان کا اصل چہرہ بے نقاب نہ ہو جائے۔ بھارتی مندوب نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں غیر معمولی ترقی کا ذکر کیا۔ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ نوآبادیاتی طاقتیں مقبوضہ علاقوں پر اپنے غیر قانونی قبضے کو چھپانے کیلئے عام طور پر ترقی کا ہی ڈھنڈورہ پیٹتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم سب یہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ نوآبادیاتی طاقتوں کے منصوبے اصل میں زیر قبضہ علاقوں کے مکینوں کے استحصال، ان سے بدسلوکی اور عدم مساوات کو ہی دوام بخشتے ہیں۔ جموں وکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے مقاصد بھی کچھ مختلف نہیں۔ پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ بھارتی مندوب نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب میں جان بوجھ کر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے ذکر سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی کئی قرارد ادوں میں کشمیریوں کو ان کا یہ ناقابل تنسیخ حق دینے کا وعدہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے بین الاقوامی قانون خاص طور سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا یہ حق دینے سے انکار کر رہا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button