مودی حکومت نے خواتین کے تحفظ کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، کانگریس
نئی دلی: کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے خواتین کے خلاف مظالم کے واقعات کو روکنے کیلئے گزشتہ دس برس کے دوران کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں بیٹی بچاﺅ کی نہیں بلکہ بیٹی کیلئے مسادی حقوق کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق کانگریس صدر نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری خواتین کیساتھ ہونے والی کوئی بھی ناانصافی ناقابل برداشت ، تکلیف دہ اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوںنے کہا کی خواتین کو تحفظ نہیں ، خوف سے پاک ماحول کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ ملک میں ہر گھنٹے میں خواتین کیخلاف 43جرائم ریکارڈ کیے جاتے ہیں، روزانہ پیش آنے والے 22جرائم ایسے ہیں جو بھارت کے سب سے کمزور دلت قبائلی برادری کی خواتین اور بچوں کے بارے میں درج ہوتے ہیں، ایسے بے شمار جرائم ہیںجو ڈر ، خوف یا پھر سماجی وجوہات کی وجہ سے درج ہی نہیں ہوتے۔
ملکار جن کھرگے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ پر اپنی تقریروں میں کئی بار خواتین کی حفاظت کی بات کی ہے لیکن انکی حکومت نے گزشتہ دس برسوں میں ایسا کچھ ٹھوس نہیں کیا جس سے خواتین کیخلاف جرائم میں کچھ کمی ہو، اسکے برعکس انکی پارٹی نے کئی بار متاثرہ خواتین کی کردار کشی کی ہے جو شرمناک ہے۔