عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، کشمیر تحریک خواتین
سرینگر 26نومبر ( کے ایم ایس )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیر تحریک خواتین نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر میں جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے آگے آئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب اور جنرل سیکرٹری شمیم شال نے اپنے مشترکہ بیان میں سری نگر کے علاقوں رام باغ اور حیدر پورہ میں جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اس حقیقت کو بھول گیا ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو فوجی طاقت اور وحشیانہ ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر کے ایک منظم طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے ۔ زمرودہ حبیب او شمیم شال نے اپنے بیان میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیں جہاں لوگوں کو بلاوجہ بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے۔