اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، حریت کانفرنس
سری نگر : کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبد الرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت بین الاقوامی تنازعہ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور استصواب رائے مظلوم لوگوں کا بنیادی مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کے پہرے میں نام نہا انتخابات کی کوئی اہمیت نہیں ، کشمیری انتخابات کیلئے نہیں بلکہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔
ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں سے انکی شناخت ، تہذیب و تمدن سب کچھ چھیننے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا مودی حکومت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ، آسیہ اندرابی سمیت عوام کے حقیقی نمائندوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں ڈال رکھا ہے، میر واعظ عمر فاروق کی نقل حریت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا واحد مطالبہ بھارتی تسلط سے آزادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیری عوام کی امنگوں کی عکاسی اور جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادکیلئے کشمیریوں کی جدوجہدکی قیادت کرتی ہے۔
دریں اثنا، اکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماﺅں محمود احمد ساغر، الطاف احمد بٹ، زاہد صفی، زاہد اشرف، اور عزیر احمد غزالی نے کشمیر پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے فریب اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ عالمی ضمیر کو دھوکہ دینے اور مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔