شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کی مظلوم خواتین ایک سال سے انصاف کی منتظر
امپھال: شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کی مظلوم خواتین گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے بچھڑنے والے اپنے عزیز و اقارب کوانصاف دلوانے کی منتظر ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی منی پور میں ہزاروں مائیں، بہنیں ، بیوائیں اور بیٹیاں مودی حکومت سے اپنے اوپر کیے گئے ظلم کا حساب مانگ رہی ہیں۔ریاست میں خواتین مسلسل تشدد اور زیادتی کا شکار ہیں ،کبھی سرعام پریڈ کرا کر ان کی عزت نفس مجروح کی جاتی ہے تو کبھی ان کے شوہر اور بچوں کو بے دردی سے ان کے سامنے قتل کر دیا جاتاہے۔منی پور میں نسلی فسادات اور پرتشددواقعات سے سب سے زیادہ خواتین متاثر ہوئی ہیں۔منی پور میں گذشتہ سال مئی میں نسلی تشدد کی بنا پر کھیلی جانے والی خون کی ہولی آج بھی جاری ہے۔غیر محفوظ اور بے بس اقلیتوں نے اب اپنے دفاع کیلئے ہتھیار اٹھانا شروع کردئے ہیں۔حکومت کا کنٹرول اب منی پور پرختم ہوتا جارہا ہے لیکن مودی سرکار اب بھی عالمی سطح پر جھوٹی اور کھوکھلی بھارتی جمہوریت کا دفاع کر رہی ہے۔