مقبوضہ جموں و کشمیر

بی جے پی مقبوضہ جموں وکشمیرکوایک تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہی ہے: طارق قرہ

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کانگریس کے رہنما طارق حمید قرہ نے بی جے پی کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فسطائی بی جے پی نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے علاقے کو ابھرتے ہوئے سیاحتی مرکز سے ایک تجربہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق قرہ نے ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں تبدیلی کے حوالے سے بی جے پی رہنمائوں کے دعوئوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں واقعی تبدیلی آ رہی ہے لیکن یہ وہ تبدیلی نہیں جو بی جے پی کا دعویٰ ہے بلکہ یہ خطہ ایک ابھرتے ہوئے سیاحتی مرکز سے ایک تجربہ گاہ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے2014تک اپنے دور حکومت میں اپنے شہریوں کے ساتھ تجرباتی جانوروں جیسا سلوک کئے بغیر یا اپنی ریاست کو تجربہ گاہ میں تبدیل کیے بغیرجموں وکشمیرمیں امن کی بحالی کے لیے عملی اور سفارتی اقدامات کیے۔ طارق قرہ نے کہاکہ کانگریس حکومت کی کوششوں کے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے جو جموں و کشمیر کے لوگوں نے محسوس کیے۔ انہوں نے بی جے پی پر زور دیا کہ وہ پارٹی سیاست پر ریاست کے مفادات کو ترجیح دے اور عوام دوست پالیسیاں اپنائے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اوراپنے سیاسی فائدے کے لئے صورتحال کا استحصال کرنے کے بجائے جموں وکشمیرکی ضروریات کو ترجیح دینی چاہئے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button