پونچھ : جھڑپوں میں ڈی ایس پی اور تحصیل دار سمیت 5افراد زخمی
سرینگر21 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع پونچھ میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران جھڑپوں میں ایک تحصیلدار ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، ان کا سیکورٹی گارڈ اور دو شہریوں سمیت کم از کم پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ جھڑپیں سرن کوٹ کے قریب مغل روڈ پر مظاہرین کے ایک گروپ اورپولیس اہلکاروں کے درمیان ہوئیں۔ مظاہرین علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے تھے۔بھارتی پولیس کی ایک پارٹی نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو احتجاج ختم کرنے کیلئے کہا جس کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی اور اس دوران ڈی ایس پی سرن کوٹ عبدالخالق ، ان کاسیکورٹی گارڈ اور دو شہری زخمی ہوئے۔بعد ازاں سر ن کوٹ کے تحصیلدارشیراز احمد نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے موقع کا دورہ کیا ۔ تاہم مظاہرین نے ان پر بھی حملہ کردیا جس سے وہ زخمی ہو گئے ۔