”او آئی سی“ سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل
نیویارک: ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات مطابق منصفانہ اور پرامن حل کیلئے کردار ادا کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر فائی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیرکا ز کی مسلسل حمایت پر تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹرفائی نے بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی ادارے کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں واحد رکاوٹ بھارتی ہٹ دھرمی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں منعقد کیے جانے والے حالیہ اسمبلی انتخابات بے معنی ہیں، انتخابات حق خود ارادیت کا متبادل نہیں ہیں۔
انہوںنے کہا کہ یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور دیگر آزادی پسند رہنماﺅں کو غیر قانونی طور پر قید کر لیا گیا ہے ، بھارت کو چاہیے کہ وہ سیاسی قیدیوں کو رہا اور کالے قوانین کو منسوخ کرے۔