نئی دلی : قطب مینار کمپلیکس میں قائم مسجد قوت الاسلام کیخلاف دائر درخواست خارج
نئی دلی 30 نومبر (کے ایم ایس)
بھارتی دارلحکومت نئی دلی کی ایک عدالت نے قطب مینار کمپلیکس میں قائم مسجدقوت الاسلام سے متعلق درخواست کو خارج کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مسجد کو 27 ہندو اور جین مندروں کوگرا کر تعمیر کیا گیا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی کی ساکیت عدالت کے سول جج نیہا شرما نے گزشتہ سال 9دسمبر کو دائر کی گئی اپیل کو خارج کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران درخواست گزار ایڈووکیٹ ہری شنکر جین سے ایک عقیدت مند کی حیثیت سے درخواست دائر کرنے کے جواز کے بارے میں دریافت کیاتھا ۔ اپنے دلائل کی حمایت میں ہری شنکر جین نے لوہے کے ستون، وشنو کے بکھرے ہوئے بتوں اور وہاں موجود دیگر دیوتائوں کی تصاویر کا حوالہ دیا تھا۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ بادشاہ قطب الدین ایبک نے 27ہندو اور جین مندروں کو منہدم کرکے مسجد قوت الاسلام تعمیر کی تھی۔ درخواست میں محکمہ آثار قدیمہ کی مختصر تاریخ کا حوالہ بھی دیا گیاتھا جس کے مطابق مسجد قوت الاسلام ان مندروں کو گرا کر تعمیر کی گئی تھی لہذا ان27مندروں کو بحال کرنے کا حکم دیا جائے اور قطب مینار کمپلیکس میں ہندو رسومات کے مطابق پوجا کی اجازت دی جائے۔