امت مسلمہ اتحاد اور سفارتکاری کے ذریعے فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی دہشت گردی بند کرائے، فاروق رحمانی
اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے امت مسلمہ پر اتحاد اور جارحانہ سفارت کاری کے ذریعے فلسطین اور لبنان میں اسرائیل ریاستی دہشت گردی بند کرانے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ اتحاد کے فقدان اور سٹریٹجک پالیسیوں کی ناکامی کی وجہ سے اسرائیل نے خواتین اور بچوں سمیت تقریبا 42ہزار فلسطینیوں اور فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کوشہید کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے نہ تو اسرائیل کو مزید جارحیت سے روکا ہے اور نہ ہی غزہ اور لبنان دونوں میں اسرائیل کی شدید ترین بمباری اورظلم و بربریت میں کوئی کمی آئی ہے ۔فاروق رحمانی نے کہا کہ پوری انسانیت بالخصوص دنیا بھر کے مسلمان صدمے کی کیفیت میں ہیں جبکہ ان کی قیادت فلسطین اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے اور اسرائیل اور بھارت کی نوآبادیاتی پالیسیوں پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کا ردعمل ناکافی ہے ۔انہوں نے پاکستان اور مسلم دنیا کی دیگر بڑی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ فلسطین، لبنان اور جموں و کشمیر میں اسرائیل اور بھارت کی استعماری کارروائیاں بند کرانے کیلئے اقوام متحدہ کو مجبور کریں۔