APHC-AJK

بھارتی وزیر خارجہ کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

بھارت مقبوضہ کشمیر اوردنیا بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہے

اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر دئیے گئے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر رہنمائوں نے اسلام آباد میں جاری بیان میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھاکہ اگر سرحد پار دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی جیسی سرگرمیاں جاری رہیں گی تو ایسے ماحول میں تجارت، توانائی اور باہمی رابطے کا فروغ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے بلکہ امریکہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں بھی بھارتی ایجنسیاں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں ملوث ہیں۔بیان میں کہاگیاکہ بھارتی ایجنسیوں نے کینیڈا ،برطانیہ ،امریکہ اور پاکستان میں درجنوں افراد کو قتل کروایاہے ۔غلام محمد صفی نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کے خلاف جو بھی آواز اٹھائے گا اس کو ہم دنیا کے کسی بھی کونے میں نہیں چھوڑیں گے ۔ اپنا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت مانگنے پر بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں لاکھوں کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں حریت رہنمائوں کو طویل عرصے سے جیلوں میں قید کر رکھا ہے ۔
ادھر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دیگر رہنمائوں ایڈوکیٹ پرویز احمد،محمود احمد ساغر،سیدیوسف نسیم،سید فیض نقشبندی ،فاروق رحمانی، محمد خطیب حسین اور،شمیم شال نے الگ بیان میں بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو مضحکہ خیز قراردیا ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button