کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کامسرت عالم بٹ کے سسرکے انتقال پر اظہارتعزیت
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پرنظر بند حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ کے سسر محمد مقبول لون کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اوریکجہتی اظہارکیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد مقبول لون مختصر عدالت کے بعد گزشتہ روز سرینگر کے علاقے زین دار محلہ میں انتقال کرگئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین اوردیگر ہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ مسرت عالم بٹ اور دیگر غمزدہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسرت عالم بٹ اور دیگر حریت رہنمائوں کو غیر قانونی طور پر نظر بند رکھ کر انہیں آزادی کے مطالبے کی پاداش میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت حریت رہنمائوں کو اپنے پیاروں کے آخری دیدار کی بھی اجازت نہیں دے رہا جو انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔حریت رہنمائوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مسرت عالم بٹ اور دیگر لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔