APHC-AJK

اقوام متحدہ مزید تاخیر کئے بغیرجموں و کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے

اسلام آباد19مارچ(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیرجموں و کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ تنازعہ کشمیر کو پائیدار بنیادوں پر حل کیاجاسکے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیاہے کہ ریاست جموں و کشمیرکے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا لیکن سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود اس قرار پر عملدرآمد نہیں کیاگیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جس سے بھارت کو کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو فوجی طاقت سے کچلنے کا حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 10لاکھ سے زائد فوجیوں کو تعینات کر کے کشمیر کو ایک بہت بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اوراپنے فوجیوں کو کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ حریت رہنمانے کہاکہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں انسانیت کو اپنے بوٹوں تلے روند رہے ہیں اور 1989سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت، ڈیڑھ لاکھ سے زائد عمارتوں کی تباہی اور 13ہزار سے زائد کشمیری خواتین کی بے حرمتی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت کس بہیمانہ طریقے سے کشمیریوں کو ختم کرنے اور ان کی سرزمین پر قبضہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی قیادت والی مودی حکومت نے5اگست 2019کے بعدنہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں ،وہ کشمیریوں کو ان کی سرزمین سے محروم کرنے اور مقبوضہ علاقے میں اپنا شیطانی ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے کے لیے اسرائیلی طرز کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں ہندوئوں کو ڈومیسائل کے اجرائ، انہیں مقبوضہ علاقے میں زمینیں دینے اور دیگرکشمیر دشمن قوانین کے نفاذ سے ہندوتواقوتوں کے ناپاک عزائم واضح ہوگئے ہیں کہ وہ کشمیریوں سے ان کی شناخت، ثقافت اور زمینیں چھیننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت اور ہر فورم پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی بات کی ہے۔ شیخ متین نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے د ل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان ہر کشمیری کی آواز ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم ہوسکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button