کشمیریوں نے بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کو مسترد کر دیا: حمید قرہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کانگریس رہنما اورسابق رکن پارلیمنٹ طارق حمید قرہ نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت انگیز سیاست کو مسترد کرتے ہوئے ایک واضح اوردوٹوک پیغام دیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طارق قرہ نے جنہوں نے اسمبلی انتخابات میںشالہ ٹینگ حلقے سے کامیابی حاصل کی، سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ کشمیری عوام بی جے پی کی طرف سے گزشتہ پانچ سالوں میں ڈھائے جانے والے مظالم سے واقف ہیں اور انہوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا ہے۔
سی پی آئی-ایم کے سینئررہنما ایم وائی تاریگامی نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لیے واضح پیغام ہے کہ عوام کا ووٹ مودی حکومت اور اس کی پالیسیوں کے خلاف ہے۔ تاریگامی نے کہاکہ عوام کافیصلہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 2018سے جاری گورنر راج اورافسرشاہی کے خلاف ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔