میر واعظ کا بھارتی مسلمانوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر میر واعظ عمر فاروق نے بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان مسلسل خوف ودہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کے علاقے خانیار میں شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے مزار پر منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب میں بھارت میں مسلمانوں کے قتل، انکے خلاف پائے جانے والے تعصب، بلڈوز مہم کے ذریعے ان کے گھروں اور مساجد کی مسمار ی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے والی امتیازی پالیسیاں بند کریں ۔میر واعظ نے وقف ترمیمی بل کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مسلمانوںکوبے اختیارکرنے کی کسی بھی کوشش کی بھر پورمزاحمت کی جائے گی۔
میر واعظ نے عالمی سطح پر مسلمانوں کو درپیش چیلنجز پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فسطین کی سنگین صورتحال نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے تکلیف دہ ہے۔
انہوں نے شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم ان تعلیمات پر توجہ مرکوز کرکے اپنے خالق کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنا سکتے ہیں۔انہوں نے مساجد کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں مساجد محض عبادت گاہیں نہیں ہیں بلکہ مسلمانوں کے مذہبی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی امور کے حوالے سے رابطے کا ذریعہ بھی ہیں۔