World

میرواعظ عمر فاروق کا فلسطین اسرائیل تنازعے میں نہتے لوگوں کی جانوں کے ضیاع پراظہار تشویش

سرینگر 11اکتوبر(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور متحدہ مجلس علماء کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے فلسطین اسرائیل تنازعے میں خواتین، بزرگوں اور بچوں سمیت نہتے انسانوں کی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنازعے کی جڑیں نوآبادیاتی ماضی میں پیوستہ ہیں اور استعماری آقائوں نے اپنے مفادات کیلئے جو فیصلے لئے ہیں ان کی سزا پوری فلسطینی قوم بھگت رہی ہے۔
میرواعظ عمرفاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام کو سخت ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور روزانہ خواتین ، بچے اورنو جوان شہید کئے جارہے ہیں، بمباری کرکے ان کے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے اور ہر وقت ان کو قابض اسرائیلیوں کے ہاتھوں ذلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حتی کہ ان کی روزی روٹی بھی چھینی جارہی ہے ۔میرواعظ نے کہاکہ فلسطینیوں کے لئے ان کی زمین تنگ کی جارہی ہے اور ان لوگوں کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔میرواعظ نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ حکومت اسرائیل نہ تو کسی انسانی اور منصفانہ حل کو قبول کرنے پر آمادہ ہے اور نہ عالمی برادری کے کسی امن منصوبے کو تسلیم کرنے کے لئے تیارہے حتی کہ مسلمانوں اور عیسائیوں کیلئے یکساں احترام کی حامل مسجد اقصی کی بھی آئے روز بے حرمتی کی جارہی ہے۔میرواعظ نے کہا کہ لاکھوں فلسطینیوں کو مہاجرت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے اور غزہ اور مغربی کنارے پر آباد فلسطینیوں کو ایک کالونی میں تبدیل کرکے وہاں بیرونی آبادکاروں کو بسایا جارہا ہے۔ انہوں نے افسوس کااظہارکیا کہ کہ اس تنازعے کو حل کرانے کے بجائے عالمی برادری اپنے سیاسی اور اقتصادی مفادات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جبکہ اقوام متحدہ کا کردار بھی مایوس کن ہے جس کی وجہ سے اسرائیل کو فلسطینی عوام پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ مل رہی ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ جب تک عالمی برادری کی طرف سے اس تنازعے کاحل تلاش نہیں کیا جاتا اور فلسطینیوں کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا، اسکے المناک نتائج برآمد ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس تنازعے کا ایک انسانی اور منصفانہ حل لوگوں کی اپنی سرزمین میں ان کے حقوق اور آزادی کے تسلیم شدہ اصول کی بنیاد پر تلاش کیا جانا چاہیے۔ ناانصافی بار بار تصادم اور تشدد کی طرف لے جاتی ہے اور فلسطین میں یہی ہو رہا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیری عوام فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہیی کر تے ہیں اور تنازعے کے حل اورفلسطینیوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کی امید رکھتے ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button