کشمیری 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے
سرینگر:کنٹرول لائن کے دوران طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 27 اکتوبر بروز اتوار کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ بھارت نے ان کے مادر وطن پر غیر قانونی طورپر انکی خواہشات کے برخلاف قبضہ کر رکھا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی اور کشمیریوں کی امنگوں کے برخلاف سرینگر کے ہوائی اڈے پراپنی فوج اتار کر جموںوکشمیر پر قبضہ کرلیاتھا۔یوم سیاہ کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر ، پاکستان اور دنیا بھرمیں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی طرف سے 5اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی بھی مذمت کی جائیگی ۔یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ حریت رہنمائوں نے کشمیریوں پر زوردیاہے کہ وہ یوم سیاہ مناکر دنیا پر واضح کردیں کہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد اازادی جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو درپیش انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سیاسی ناانصافیوں کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔سرینگر ، بارہمولہ ،پلوامہ ، اسلام آباد،کولگام ، کپواڑہ اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر حصوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن میں کشمیریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اتوارکو مکمل ہڑتال کریں۔پوسٹروں پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، میر واعظ عمر فاروق اور مشتاق الاسلام سمیت سینئر حریت رہنمائوں کی تصاویر موجود ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروںمیںدرج تحریروں میں کہاگیا ہے کہ 27اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے کیونکہ اس روزبھارتی سامراج نے1947میں اپنی ننگی جارحیت کامظاہرہ کرتے ہوئے جموںوکشمیر کی سرزمین پر کشمیریوں کی خواہشات کے منافی قبضہ کیا۔ پوسٹر سماجی رابطوں کی سائٹوں” ایکس، فیس بک اور واٹس ایپ ”وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
ادھر جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ نے 27اکتوبرکو جموںو کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی طرف سے کشمیر پر حملہ سب سے ظالمانہ واقعہ تھا جس نے خطے کو عدم استحکام اور تشددکی دلدل میں جھونک دیاہے۔نیشنل فرنٹ کے ترجمان محمد حسیب وانی نے ایک بیان میں کہا کہ27اکتوبروہ دن تھا جب بھارت کے نام نہاد سیکولر لیڈروں نے رات کے اندھیرے میں اپنی فوجیں سرینگر میں اتار کر کشمیریوں کے سیاسی اور جمہوری حقوق کو پامال کیا جن کے حصول کے لیے وہ خود برسوں تک انگریزوں کے خلاف لڑتے رہے ۔