مقبوضہ کشمیر: تلاشی کی کارروائیاں اور چھاپوں کا سلسلہ مسلسل جاری
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پرتلاشی کی کارروائیاں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اورپیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے بوٹاپتھری گلمرگ میں آج جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی تلاشی کی بڑی کارروائی جاری رکھی ۔فوجیوں نے کارروائی کے دوران ڈرونز اور ہیلی کاپٹر وں کا بھی استعما ل کیا۔فوجیوں نے گزشتہ شام علاقے میں ایک فوجی گاڑی پرحملے میں دو بھارتی فوجیوںکی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کے بعد فوجی کارروائی شروع کی تھی ۔ حملے کے بعد فوجیوں نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے دو شہریوں کو ہلاک کر دیاتھا۔جو انکے ساتھ بطور پورٹر کام کرتے تھے۔بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقوں ٹنگمرگ اور پٹن اوربڈگام کے ملحقہ علاقوں میں بھی اپنی پرتشددکاررروائیاں جاری رکھیں ۔
ادھر بھارتی فوجیوں نے ضلع گاندربل کے مختلف علاقوں میں چھٹے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں جہاں بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے ایک کشمیری ڈاکٹرکو قتل کر دیاتھا۔ چند روز قبل ضلع گاندربل کے علاقے سونہ مرگ میں سری نگر-لہہ ہائی وے پرتعمیر کی جانیوالی سرنگ کے مقام پر ایک حملے میں پانچ بھارتی مزدو ربھی ہلاک ہو گئے تھے ۔ضلع سانبہ کے علاقے رام گڑھ میں بھی بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس اور پولیس اہلکاروں نے تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے ۔فوجی جنگلات سمیت متعددعلاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں ۔