پارلیمانی انتخابات :راجوری ، پونچھ اضلاع میں پیراملٹری کی 2سو اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیںگی
جموں: بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں مودی حکومت کیطرف سے راجوری اسلام آباد حلقے میں 25 مئی کو ہونے والے بھارتی پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں راجوری ، پونچھ اضلاع میں پیرا ملٹری کی تقریباً 2سو اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دونوں اضلاع میں سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور آرمڈ پولیس کی مزید سو سو کمپنیاں تعینات ہونگی۔ ان میں سے کچھ کمپنیاں دونوں اضلاع میں پہنچ چکی ہیں جبکہ باقی کمپنیاں آئندہ ایک دو روز میں پہنچ جائیں گی۔راجوری اور پونچھ اضلاع میں مجموعی طور پر آٹھ اسمبلی حلقے ہیں، جن میں سے سات اسلام آباد-پونچھ-راجوری پارلیمانی حلقے کے تحت آتے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی فوجی اس وقت پیر پنجال کے جنگلات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں بھی مصروف ہیں۔راجوری اسلام آباد حلقے میں چھٹے مرحلے کے تحت 25مئی کو ووٹ ڈالے جائیںگے۔