ممبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اورانڈیگو کی پرواز میں بم کی اطلاع ، ایک بارپھر افواہ ثابت ہوئی
ممبئی:بھارت کے شہر ممبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بم کی اطلاع سخت سکیورٹی چیکنگ کے بعد ایک بارپھرغلط ثابت ہوئی۔
کشمیرمیڈیاسوس کے مطابق ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کی انتظامیہ کو موصول ہونیوالی ایک نامعلوم کال میں دعویٰ کیا گیا کہ وہاں موجود ایک مسافر جو مبینہ طور پر ممبئی سے آذربائیجان جا رہا ہے کے پاس دھماکہ خیز مواد موجود ہے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق کال کے بعد سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس نے فوری طور پر سہار پولیس کو الرٹ کر دیا جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کے احاطے میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مکمل چیکنگ کی گئی۔تاہم کسی قسم کاکوئی دھماکہ خیزم مواد برآمد نہیں ہوا ۔
ادھرناگپور سے کولکتہ جانے والی انڈیگو کی پرواز’6E812’میں بھی بم کی اطلاع ملنے کے بعد طیارے کو چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔پرواز پر187مسافر سوار تھے۔ جنہیں اتا ر کر جہاز کی چیکنگ کی گئی تاہم یہ اطلاع بھی جھوٹی ثابت ہوئی ۔
واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ ماہ کے دوران ہوائی جہازوں اور ایئر پورٹس پر دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کی ساڑھے چار سو دھمکیاں مل چکی ہیں جو تمام بوگس ثابت ہوئیں۔