سینئر حریت رہنما انجینئر فاروق سوپور میں انتقال کر گئے
سرینگر06 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سینئر حریت رہنما انجینئر فاروق احمد خان سوپور میں انتقال کر گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر فاروق آج سوپور قصبے میں حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔مقبوضہ جموںو کشمیرکی ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری جی این شاہین، مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرہ اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر فاروق ایک عظیم انسان تھے جوزندگی بھر ایک مقدس مشن کی آبیاری کرتے رہے اور اپنے وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ انجینئر فاروق نے 15 سال سے زیادہ کاعرصہ دہلی کی تہاڑ جیل میں گزارا۔حریت رہنماﺅں نے انجینئر فاروق احمد خان کے لیے مغفرت کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ اورلواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے ان کی دلیرانہ جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر فاروق نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ساری زندگی جدوجہد کی۔انجینئر فاروق احمد خان ضلع اسلام آباد کے علاقے جنگلات منڈی کے رہنے والے تھے، وہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رکن تھے اور سوپور میں کاروبار کرتے تھے۔