تنازعہ کشمیرکوفوجی طاقت کے ذرےعے حل کرنے کی بھارتی کوششوں کی مذمت
سرینگر06 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیرکوفوجی طاقت کے ذرےعے حل کرنے کی بھارتی کوششوںکی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر خالصتاً ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے حق خود ارادیت کی بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت ہے جس کی ضمانت کشمیری عوام کو دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جموں وکشمیر کے بہادر عوام کی استقامت اور ناقابل تسخیر عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کے لیے کشمیریوں کی انمول قربانیوں نے جدید دنیا کی موجودہ انقلابی تحریکوں میں ایک شاندار تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ایک چھوٹی سی آبادی ہے، جسے بھارت کی 10 لاکھ سے زائد قابض فوجیوں نے محاصرے میں لے رکھا ہے جن کو کالے قوانین کے تحت کسی بھی شخص کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے اوریہ ایک سنگین معاملہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں فوری توجہ اور ضروری قانونی کارروائی کا متقاضی ہے۔ حریت رہنما نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیرکی سنگین صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کریں۔
دریں اثناءغلام احمد گلزارنے ایک تعزیتی پیغام میں انجینئر فاروق احمد خان کے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا جو آج صبح سوپور میں انتقال کرگئے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرفاروق نے ایک نوجوان اور متحرک رہنما کے طورپرتحریک آزادی کشمیر کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل اور دیگر جیلوں میںایک دہائی سے زیادہ کاعرصہ غیر قانونی نظربندی کی صورت میں گزارا۔حریت رہنمانے فاروق خان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مزاحمتی تحریک کو ہرصورت میں اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے ان کے خواب کو پورا کرے گی