اترپردیش:لائوڈ اسپیکر پر اذان دینے پر امام مسجد گرفتار،2لاکھ روپے جرمانہ
نئی دلی:
بھارتی ریاست اتر پردیش میں یودگی آدتیہ ناتھ کی بی جے پی حکومت نے ضلع سنبل میں لائوڈ اسپیکر پر اذان دینے پر ایک امام مسجد کو گرفتار کرلیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فرقہ وارانہ تشدد سے متاثرہ ضلع میں گزشتہ ماہ عدالتی حکم پر مغل دور کی شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران پولیس کے تشددسے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔اب ضلع کے علاقے گڑوی کی انار والی مسجد کے امام تہذیب کو اذان کیلئے لائوڈ اسپیکر استعمال کرنے پر گرفتار کرلیاگیاہے۔ امام کو سنبھل سب ڈویژنل مجسٹریٹ وندنا مشرا کی عدالت میں پیش کیاگیا عدالت نے ان پر دولاکھ روپے جرمانہ کرتے ہوئے اگلے چھ ماہ تک لائوڈ اسپیکر پر اذان نہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ضمانت پر رہا کردیا۔مودی کے بھارت میں لائوڈ اسپیکر پر اذان دینے پر ایک امام مسجد کی گرفتاری سے مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان اس طرح کے شور کنٹرول سے متعلق قوانین کے منصفانہ اطلاق کے بارے میں تشویش پیدا کردی ہے۔کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے لوک سبھا سے اپنے پہلے خطاب میں سنبھل میں فرقہ ورانہ تشدد کی مذمت کی اور بدامنی کو ہوا دینے میں بی جے پی کے مبینہ کردار کو اجاگر کیا۔