نیوز کلک کے ایڈیٹر، ایچ آر ہیڈ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 نومبر تک توسیع
نئی دلی :
بھارت میں نئی دلی کی ایک عدالت نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت گرفتارویب پورٹل نیوز کلک کے ایڈیٹر پرابیر پورکیاستھا اورایچ آر سربراہ امیت چکرورتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 8دن کی توسیع کر دی ہے۔
پرابیر پورکیاستھا اورامیت چکرورتی دونوں کو بدھ کو ایڈیشنل سیشن جج دلی ہردیپ کور کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔پورکایستھ اور چکرورتی کو دلی پولیس کے خصوصی سیل نے 3 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے ایک دن بعد پٹیالہ ہائوس کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ہردیپ کور نے انہیں 4اکتوبر کو 3 دن کیلئے پولیس کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس کے بعد دونوں نے ضمانت کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیاتھا لیکن انہیںکوئی راحت نہیں ملی تھی۔اس کے بعد پورکایستھ اور چکرورتی نے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔19 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے درخواست پر دلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت30اکتوبر تک ملتوی کر دی تھی ۔
واضح رہے کہ اگست میں ‘نیویارک ٹائمز’ کی ایک رپورٹ نے نیوز کلک پر الزام عائد کیاگیاتھاکہ اس نے مبینہ طور پر چینی پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے لیے امریکی کروڑ پتی نیویل رائے سنگھم سے وابستہ نیٹ ورک سے پیسے لیے تھے۔