5جنوری کویوم حق خودارادیت کے موقع پرمظفر آباد میں ریلی نکالی جائیگی ، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
مظفرآباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے زیر اہتمام5جنوری کویوم حق خودارادیت کے موقع پر دارالحکومت مظفر آباد میں ریلی نکالی جائیگی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں منتظم کمیٹی کا مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ منتظم کمیٹی نے جو کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ ، مشتاق احمد بٹ ، مشتاق الاسلام ، محمد اشرف ڈار ،زاہد اشرف اور عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ 5جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پرحریت کنوینرغلام محمد صفی اور دیگر کشمیری قائدین کی قیادت میں مظفرآباد میں ریلی نکالی جائیگی ۔
منتظم کمیٹی نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد اور مہاجرین راہنماں گوہر احمد کشمیری ، راجہ محمد عارف خان , سکریٹری لبریشن سیل ،ڈاریکٹر راجہ محمد اسلم ، سیکریٹری سروسز ظفر محمود خان سے ملاقات کی اور انہیں یوم حق خودارادیت ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔ اس موقع پر حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبرواستبداد کے خلاف عوامی مزاحمت پوری قوت سے جاری ہے۔ حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں بھارت کشمیری عوام کووحشیانہ مظالم کا نشانہ بنارہاہے۔حریت وفد نے بتایا کہ 5جنوری کو یوم حق خودارادیت ریلی میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کیلئے آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کیاجائیگا۔ انکا مزیدکہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری ریاست کے عوام بھارتی فوجی قبضے اور ریاستی دہشت گردی کیخلاف بیک آواز استصواب رائے کا مطالبہ کریں۔ انہوں ملاقات کے دوران قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر اور اپوزیشن لیڈر سے کہاکہ وہ 2جنوری بروزجمعرات کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق اقوامِ متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کیلئے ایک متفقہ قراردادمنظور کراوائیں ۔







