عوامی مجلس عمل کا شیخ بشیر احمد اوردیگر کے انتقال پر اظہارتعزیت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے رکن اور شہید ملت مولانا محمد فاروق کے قریبی ساتھی شیخ بشیر احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے مرحوم شیخ بشیر احمد کوگرانقدر سیاسی اور تنظیمی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے انتقال کو تنظیم کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ بشیر نے اپنی پوری زندگی ایک مخلص کارکن کی طرح ایک مقدس کاز کیلئے وقف کی تھی اور تادم مرگ وہ اپنے مبنی برحق موقف پر قائم رہے ۔اس دوران تنظیم کے ایک وفد نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور غمزدہ خاندان سے میرواعظ کی طرف سے تعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا۔میرواعظ نے تنظیم کے ایک اور دیرینہ رکن نالہ بل نوشہرہ کے غلام محمد درزی اور الٰہی باغ کے خورشید احمد بٹ کی والدہ کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارخاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ میرواعظ نے سرکردہ براڈ کاسٹر اور دانشور مظفر احمد کاشانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے فرزند سید سرور کاشانی اور دیگر لواحقین سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے نسیم باغ صدرہ بل سرینگر کے سرکردہ تاجر الحاج غلام احمد بکتوکے انتقال پر بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اوریکجہتی کا اظہارکیاہے۔