مظفر آباد ،میرپور میں ”یوم حق خود ارادیت “ کے موقع پر عظیم الشان ریلیاں
مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج ”یوم حق خود ارادیت “ کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی میں حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماﺅں ، آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوںکے رہنماﺅں ، کارکنوں ، وکلا ءطلباءاور زندگی دیگر شعبوںسے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر رہنماﺅں نے کی۔ ریلی میں خواتین اور طالبات بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔شرکاءنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر” کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے کو مسترد کرتے ہیں، ہم حق خود ارایت لے کر رہیں گے، بھارت مظالم سے کشمیریوں کی تحریک کو ہرگز دبا نہیں سکتا، اقوام متحدہ جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے“ جیسے نعرے درج تھے۔ریلی کے شرکا ءنے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت تسلط سے کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
وزیر اعظم ،غلام محمد صفی اور دیگر مقررین نے ریلی کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی اور اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداءکے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد پرعمل درآمد میں بنیادی رکاوٹ بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل اور ہٹ دھرمی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے بجائے انکی تحریک کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانا مسئلہ ہے جبکہ عالمی برادری بھی کشمیر کو ایک منتازعہ خطہ مانتی ہے لہذا بھارت اپنے غیر قانونی اقدامات سے اسکی متنازعہ حیثیت کو ہرگز تبدیل نہیں کرسکتا۔ انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر اب تک عمل درآمد نہ ہونا عالمی ادارے کے وجود پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی تمام تر سازشوں ، مظالم اوراوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارت کے سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام تر مشکلات کے باوجود مقبوضہ جموں کشمیر کے محکوم لوگوں کو بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کر رہا ہے جس میں کشمیری عوام اسکے مشکور ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور پورا جموں وکشمیربھارتی تسلط سے آزاد ہو کرمملکت خداداد پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ریلی سے خواجہ فارو ق احمد ، چوہدری لطیف اکبر ، شاہ غلام قادر ، پیر مظہر، مہر النسائد الرزاق خان ،شوکت جاوید میر ،دانیال شہاب ،شیخ عقیل الرحمٰن ،موسیٰ کشمیری ،آصف مخدومی ،عزیر غزالی ،ثاقب مجید ر اورمہناز قریشی نے بھی خطاب کیا۔
دریںاثنا آزاد جموں وکشمیرکے شہر میرپور میں بھی ”یومِ حق خودارادیت “کے موقع پر پیر پنجال فریڈم موومنٹ اور مہاجرین جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی ڈولفن چوک سے شروع ہو کر شہید چوک پر اختتام پذیر ہوئی اور اس میں سینکڑوں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ریلی کی قیادت حریت رہنما وائس چیئرمین جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ قاضی عمران اور دیگر رہنماﺅں نے کی جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر سید یوسف نسیم مہمان خصوصی تھے۔ریلی میںحریت رہنما شمیم شال، بلقیس راجہ، شوکت بٹ، بشیر احمد شگو، عبدالرشید بٹ، سردار حاجی محمد عارف اور دیگرشامل تھے۔شرکانے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ”ہے حق ہمارا رائے شماری ،اقوام متحدہ اپنا وعدہ پورا کرے ،بھارت مقبوضہ کشمیرسے فوجی انخلاکرے ،بھارتی قبضہ نامنظور“ جیسے نعرے درج تھے۔ریلی کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا،جس کی سعادت قاری عبد الحمید نے حاصل کی۔
مقررین نے بھارت کی ہٹ دھرمی، اقوام متحدہ کی ناکامی اور کشمیری عوام کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ 5 جنوری 1949 کی قرارداد پر عمل درآمد کرائے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری اپنی خواہشات کے برعکس تنازعہ کشمیر کا کوئی حل ہرگزقبول نہیںکریں گے۔انہوںنے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر قرار دیا ۔مقررین نے کہاکہ جب تک کشمیریوں کو حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا وہ اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔