عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال کی طرف توجہ دے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر 08 دسمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابترصورتحال کی طرف توجہ دے اور جنوبی ایشیا کو ایٹمی تباہی سے بچانے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کی چنگاری کو شعلے میں بدل سکتا ہے ۔ترجمان نے خبر دار کیا کہ تنازعہ کشمیر کو نظر انداز کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ سے بچنے کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مداخلت کرنی چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے میں مستقل امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی مشن علاقے میں بھیجنا چاہیے اور مقبوضہ علاقے میں جو کچھ ہو رہا ہے دنیا کو اس سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔