دارالخیر میرواعظ منزل کی طرف سے آتشزدگی کے متاثرین کو امداد کی فراہمی
سرینگر:
دارالخیر میرواعظ منزل نے سرینگر کے علاقے بہائوالدین نوہٹہ میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعے میں چھ مکانات مکمل طور پر تباہ اوردیگر کو نقصان پہنچا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دارالخیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تنظیم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیاہے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کی فراہمی اورانکی بحالی کی ضرورت پر زور دیاہے۔اس دوران مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں دارالخیر میرواعظ منزل کے ایک وفد نے بہاائولدین صاحب نوہٹہ سرینگر جاکر متاثرہ خاندانوں میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ اور دیگربنیادی ضرورت کاسامان تقسیم کیا اور ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔دارالخیر میرواعظ منزل نے اس بات پر زور دیا کہ اپنے قیام کے بعد سے تنظیم نے قدرتی آفات کے دوران ضرورت مند افراد کوہرممکن مدد کی ہے ۔تنظیم متاثرین کی بحالی کے لیے اپنی کوششوں میں ثابت ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کمیونٹی کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی ہے۔