گرپتونت سنگھ پنوں کا وزیراعظم شہبازشریف کوخط
پاکستان کے سیکورٹی کونسل میں رکن منتخب ہونے پر مبارکباد
اسلام آباد :
سکھوں کی تنظیم سکھس فار جسٹس کے رہنماء گرپتونت سنگھ پنوں نے وزیراعظم شہبازشریف کو پاکستان کا سیکورٹی کونسل میں غیرمستقل رکن منتخب ہونے پرمبارکباد دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گرپتونت سنگھ پنوں نے وزیراعظم کے نام ایک خط میں کہاکہ پاکستان کا سیکورٹی کونسل میں غیرمستقل رکن منتخب ہونا اہم کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی یہ کامیابی امن، انصاف اور یو این چارٹر کے اصولوں کے لیے اس کی پختہ لگن کی عکاسی کرتی ہے۔پاکستان کی یہ کامیابی بین الاقوامی سیاست میں ایک اہم سنگِ میل ہے،جو اس کی سکیورٹی اور عالمی سطح پر تعاون کے عزم کو اجاگرکرتی ہے۔گرپتونت سنگھ پنوں نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی تائید سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف کا حالیہ بیان بروقت اور قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت سے متعلق موقف سکھوں کی خالصتان کیلئے جمہوری جدوجہد کی حمایت کیلئے ایک مثال بن سکتا ہے،کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی تائید عالمی برادری کو یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ مظلوم اقوام کی آزادی اور انصاف کیلئے جدوجہد کی اخلاقی اور قانونی اہمیت کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے سکھوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی حمایت پر غور کرنے کی بھی درخواست کی ۔انہوں نے خط میں سکھوں کے حقوق کے لیے حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی سطح پر ان کے مقصد کو انسانی حقوق کے ایجنڈے کے حصہ کے طور پر تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔