عالمی برادری کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا اپنا وعدہ پورا کرے: غلام محمد صفی
ایبٹ آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہاہے کہ جب تک بھارت کے ناپاک قدم مقبوضہ جموں وکشمیر سے نہیں اکھڑ جاتے ،حق خودارادیت کی تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے ایبٹ آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی برادری نے کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ کررکھاہے اوراس کے پورا ہونے تک بھارت کے خلاف ہر محاذ پر جد و جہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 10لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود بھارت ”نارملسی”کا راگ الاپ کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی ظلم و جبر اور طاقت کے بے تحاشہ استعمال کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے پائے استقلال میں لغزش نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت قتل و غارت اور لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ جموں کشمیر میں آباد کرکے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے۔حریت رہنما نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھاہے اوروہ علاقے کی مسلم اکثریت کو غیر قانونی اقدامات کے ذریعے اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی جارحیت اور سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔انہوں نے بھمبر آزاد کشمیر میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے خطاب کا خیر مقدم کرتے کہا کہ ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عالمی برادری کومقبوضہ جموں وکشمیر کی حقیقی صورتحال اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔ اس سے قبل غلام محمد صفی نے ایک وفد کے ہمراہ الخدمت فائونڈیشن ایبٹ آباد میں امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد عبدالرحمان عباسی اور ان کے رفقاء سے ملاقات کی۔وفد میں حریت رہنما راجہ خادم حسین،داوود خان یوسفزئ اورزاہد اشرف بھی شامل تھے ۔وفد نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔





