پاکستان ،آزاد جموں و کشمیر میں ”یوم یکجہتی کشمیر “ منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری
”یوم یکجہتی کشمیر“ سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مہمیز ملتی ہے، مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں
مظفرآباد :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان اور آزاد جموںوکشمیر میں 5 فروری کو ”یوم یکجہتی کشمیر“ منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا ہے جو بھارت نے طاقت کے بل پر سلب کر رکھا ہے۔اس مرتبہ بھی ”یوم یکجہتی کشمیر“بھر پورجوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ پاکستان اورآزاد جموں و کشمیر میں اس دن کو روایتی جوش و خروش سے منانے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ 5 فروری کو پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں عام تعطیل ہوگی۔دن کا آغاز شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی اور جدوجہد آزادی کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاو ں سے ہوگا۔ بڑے پیمانے پر ریلیاں ، بھارت مخالف مظاہرے ، جلسے جلوس ہوںگے اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔دنیا بھر کے دیگر شہروں خاص طور پر دارلحکومتوںمیں بھی کشمیر ی اور پاکستانی تارکین وطن مقبوضہ جموںوکشمیر کے اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلے مختلف پروگراموںکا انعقاد کریںگے۔
دریں اثنا بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے کشمیریوں کی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پرپاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور مختلف آزادی پسندتنظیموں کی طرف سے دیواروں ، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں پوسٹروں میں لکھا ہے”پاکستان کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کا ایک بڑا وکیل اور حامی ہے جو عالمی فورموں پر کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کی بھر پور ترجمانی کر رہا ہے،مملکت خداداد میں شامل ہونا کشمیریوںکا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک دن ضرور پوراہو گا، مقبوضہ علاقے کے لوگ ہر برس” یوم یکجہتی کشمیر “ بھر پور جوش و جذبے سے منانے پر پاکستان کے مشکور ہیں ، یہ دن منانے سے بھارتی تسلط کا شکار کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ایک نئی مہمیز ملتی ہے اور انکے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔“
پوسٹر سماجی رابطوں کی سائٹوں فیکس بک وغیرہ پر بھی اپ لوڈکیے گئے ہیں۔