شیخ حسینہ نے فرار سے پہلے مظاہرین کیخلاف وحشیانہ کریک ڈاﺅن کیا، اقوام متحدہ
جنیوا: اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت نے اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش میں مظاہرین کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاﺅن کیا اور انکے قتل کا منصوبہ بنایا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شیخ حسینہ کے مظالم ”انسانیت کے خلاف جرائم “ کے متراد ف ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیاکہ شیخ حسینہ نے گزشتہ برس اگست میں طلبہ کی زیر قیادت عوامی بغاوت کے دوران وطن سے فرار سے پہلے مظاہرین کے خلاف شدید کریک ڈاو¿ن کیا جس دوران سینکڑوں لوگ ماورائے عدالت قتل کیے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ قتل، تشدد، قید اور دیگر غیر انسانی کارروائیاں کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مظاہرین اور دیگر عام شہریوں کے خلاف یہ جرائم ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ تھے۔
بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ ڈاکٹرمحمد یونس نے، جنہوں نے اقوام متحدہ کے حقوق کے دفتر سے حقائق تلاش کرنے کی اپیل کی تھی، نے رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کو ایک ایسے ملک میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں جہاں تمام لوگ تحفظ اور وقار کے ساتھ رہ سکیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر محمد یونس کی حکومت نے بھارت سے شیخ حسینہ کو حوالے کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے تاکہ انکے خلاف ملک میں انسانیت کے خلاف جرائم پر مقدمہ چلایا جاسکے۔