جموں : محکمہ بجلی کے ڈیلی ویجر ملازمین کی ریگولرائزیشن کے حق میں ہڑتال جاری
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محکمہ بجلی اور جموں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ڈیلی ویجرملازمین نے ریگولرائزیشن کے مطالبے کے حق میں جمعہ کو مسلسل چھٹے روزبھی جموں میں ہڑتال جاری رکھی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بارش کے باوجود جموں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے جموں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر دفتر کے باہر جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ڈیلی ویجر ملازمین کی یونین کے صدر اکھل شرما نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہرکیا۔
ادھر کشتواڑ کے عمر محلہ کے رہائشیوں نے ایک بار پھر محکمہ بجلی کی جانب سے علاقے میں اسمارٹ میٹروں کی تنصیب کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔جیسے ہی محکمے کے عہدیدار بجلی کے اسمارٹ میٹروں کی تنصیب کیلئے علاقے میں پہنچے لوگوں نے احتجاج شروع کردیا جس پر مجبور انہیں واپس جاناپڑا۔