خواجہ فردوس کی طرف سے راج ناتھ کے پاکستان مخالف بیان کی مذمت
سرینگر 14 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے پاکستان مخالف حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی اور گمراہ کن قراردیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت خودانتہا پسندی اور دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے اور راج ناتھ سنگھ ایسے بیانات کے ذریعے حقائق اور تاریخ کو مسخ کرنے کی بھونڈی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کا بیان جنوبی ایشیاء کے خطے میں اشتعال انگیزی اور جنگی جنون کوبڑھانے کی ایک سازش ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری جنگی جرائم عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور بھارتی قیادت عالمی برادری توجہ ہٹانے کیلئے ایسے بیانات دے کر اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارتی وزراء اور مودی حکومت کی یہ روش بھارت کو اسکے انجام کی طرف لے جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے آر ایس ایس کی حمایت یافتہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کو دو لخت کرنے اور بنگلہ دیش بنانے میں آر ایس ایس نے مکھتی باہنی کا بھرپور ساتھ دیاجو بلاشبہ دہشتگردی کی ایک کھلی مثال ہے ،جس کا عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ ایسا لگتاہے کہ عالمی برادری نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے جسے بھارت کے جرائم نظر نہیں آتے۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت میں مذہبی رواداری اور نام نہاد سیکولرازم کا پردہ چاک ہوچکا ہے ۔ بھارت میں ہندوتوا کے پجاریوں نے نہ صرف مسلمانوں ، عیسائیوں اور دلتوںبلکہ دیگر اقلیتوں کا جینا حرام کررکھا ہے ۔ہندو انتہا پسندی کے تازہ اقدام میں مودی حکومت نے ملک میں مسلمانوں کو کھلے مقامات پر نماز کی ادائیگی سے روک دیا ہے جوکہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی اور مذہبی انتہاپسندی کی کھلی اور واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو بھارتی دہشتگردی کی کارروائیوں کاسخت نوٹس لیناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ دس لاکھ سے زائد درندہ صفت بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے ۔ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ نہ صرف ہندوتوا کے پجاری آر ایس ایس کے کارندے بلکہ بھارتی فوج بھی دہشتگردی میں ملوث ہے۔