بھارت: مسلم پرسنل لابورڈ کا آج سے 7جولائی تک ”وقف بچاﺅ“مہم کا اعلان
حیدر آباد: آل انڈیا انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ آج 10اپریل سے 7جولائی تک پورے بھارت میں” وقف بچاﺅ“مہم کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بورڈ کے صدر مولاناخالد سیف اللہ رحمانی، جنرل سیکرٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی اور کنوینر مجلس عمل برائے اوقاف ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں مودی حکومت کی طرف سے منظور کردہ وقف ترمیمی قانون کی شدید مذمت کی اور اسے غیر آئینی قرار دیا۔ بورڈ نے سپریم کورٹ میں بھی مذکورہ قانون کی چیلنج کیا ہے۔
بورڈ نے وقف بچاﺅ مہم کے پہلے مرحلے کا آج سے آغاز کردیا ۔پہلے مرحلے کے احتجاج کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد دوسرے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ یہ مہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر چلائی جائے گی۔ مہم میں سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ مہم کے تحت ہر ریاست ، ضلع اور دیہات کی سطح پر احتجاج منظم کئے جائیں گے۔ مہم کے دوران تحفظ اوقات ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ 22اپریل کو دلی کے کال کنورا سٹیڈیم سے ریلی نکالی جائے گی ۔ مہم کا اختتام 7جولائی کو دلی کے رام لیلا میدان میں ہوگا۔ ہر شہر میں ایک جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ ریاستی سطح پر کسی بڑے شہر میں احتجاج کیا جائے گا، دھرنے دیے جائیں گے اور گرفتاریاں پیش کی جائیں گے۔
11اپریل سے 18اپریل تک تحفظ اوقاف ہفتہ منایا جائے گا۔ جمعہ کے روز نماز سے قبل انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی۔30اپریل کو عوام سے اپیل کی جائے گی کہ وہ 9بجے شب بطور احتجاج نصف گھنٹے تک بجلی کو گل رکھیں ۔ بورڈ نے احتجاج اور مظاہروں کے دوران اشتعال انگیز نعروں سے گریز کی ہدایت کی ہے۔