27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، امیر مقام
اسلام آباد: وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بھارت کی قابض افواج کے جموں و کشمیر میں داخل ہونے کے دن، 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی اور مشیر شبیر عثمانی کے ہمراہ کشمیر کونسل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب کشمیریوں کی مرضی کے خلاف بھارتی قابض افواج کشمیر میں داخل ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری اپنے حقِ خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹے۔ بھارت نے برسوں سے کشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں تاحال جاری ہیں۔ مقبوضہ علاقے میں تمام تر مظالم کے باوجود جذبۂ آزادی قائم و دائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو جتنا دبایا جائے گا، ان کا جذبہ اتنا ہی بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ تنازعۂ کشمیر ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں حقِ خودارادیت ملنے تک ان کی حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلائے۔
امیر مقام نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ سیاہ بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور دنیا کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک ریلی نکالی جائے گی اور وہاں جلسہ بھی منعقد ہوگا، جس میں تمام سیاسی جماعتیں جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر شرکت کریں گی۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم مظفرآباد میں ریلی کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے وزرائے اعلیٰ سے بھی اپیل کی کہ وہ ریلیاں منعقد کریں اور ان میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور اس دن کی مذمتی قراردادیں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرائی جائیں گی۔ صوبوں میں بھی جہاں اجلاس جاری ہیں، وہاں قراردادیں منظور کرائی جائیں۔
امیر مقام نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد ایک نیا ولولہ پیدا ہوا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے تمام جماعتوں اور ہر طبقۂ فکر سے اپیل کی کہ وہ ریلی میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری قیادت کو جیلوں میں رکھا گیا ہے اور بہت سے رہنماؤں کو شہید کر دیا گیا ہے، لیکن کشمیریوں کا جذبہ جوان ہے اور انہیں آزادی ضرور ملے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت قابلِ تحسین ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا بھارت سے الحاق ایک فراڈ تھا۔ بغداد میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس میں 57 مسلم ممالک نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور انہیں ان کے بنیادی حق سے زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ منا کر دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا جاتا ہے۔ ہندوستان کے عزائم توسیع پسندانہ ہیں اور وہ اسرائیل کے گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی طرز پر توسیع پسندی کے عزائم رکھتا ہے۔ ہمیں اس کے آگے بند باندھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا اور پاکستان مزید مستحکم ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک اثاثہ ہیں اور وہ جذبۂ ایمانی کے ساتھ معرکۂ حق میں بھارت کو شکست سے دوچار کر چکی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تنازعۂ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں تنازعۂ کشمیر کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے شہدا کو پاکستان کے پرچم میں دفن کرتے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیریوں کے دل و دماغ پاکستان کے ساتھ ہیں۔
کالعدم ایکشن کمیٹی کے حوالے سے سوال پر امیر مقام نے کہا کہ اس کے جائز اور عوامی نوعیت کے مطالبات پر کئی بار مذاکرات ہوئے اور جائز مطالبات تسلیم کیے گئے۔ تاہم، وہ منتخب حکومت کو تسلیم نہ کرنے اور انتخابات نہ ہونے دینے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موجود لوگوں کی اکثریت پاکستان سے محبت کرتی ہے۔ احتجاج کسی مسئلے کا حل نہیں، اس لیے وہ ان سے اپیل کرتے ہیں کہ احتجاج ختم کرکے بات چیت کریں۔







