APHC

پاک فوج کے سربراہ کے بیان سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، حریت کانفرنس

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر کے بارے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بھارتی تسلط کے خلاف برسرپیکار کشمیریوں کیلئے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے وحشیانہ بھارتی مطالم کا شکار کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف تسلط جما رکھا ہے اور وہ انکی آزادی کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے 1947سے اب تک 5 لاکھ کے قریب کشمیری شہید جبکہ ہزاروں لاپتہ کر دیے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے اگست 2019کے بعد آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف اپنی جارحانہ مہم میں تیزی لائی اور وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ جموںوکشمیر میں عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت چھیننے کا بی جے پی حکومت کا واحد مقصد جموںوکشمیرکا مسلم تشخص اور شناخت مٹانا ہے۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے جو کشمیریوں کے حق خودارایت کی بھر پور وکالت اور ترجمانی کر رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری پاک فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں ، مملکت خداداد میں شامل ہونا کشمیریوں کا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک دن ضرور پورا ہوگا۔
یاد رہے کہ جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھر پور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے الگ نہیں کرسکتی ہے۔ انہوںنے قاعد اعظم محمد علی جناح ؒ کا یہ قول دہرایا کہ کشمیر پاکستان کہ شہ رگ ہے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے بھی پاک فوج کے سربراہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے حق خودارادیت کیلئے مصروف جدوجہد کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں وحشیانہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button