World

قطر، سعودی عرب، کویت کا پاکستان اور بھارت پر تصفیہ طلب مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور

اسلام آباد: قطر، سعودی عرب اور کویت نے پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اپنے تمام تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ نے دوحہ میں ایک بیان میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت اور پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی بحرانوں اور تنازعات سے نمٹنے کے لیے بات چیت ہی بہترین راستہ ہے۔ بیان میں دونوں ممالک پر زور دیاگیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، دانشمندی کامظاہرہ کریں، اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کریں اور بحران کو سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کریں۔بیان میں بھارت اور پاکستان پر زور دیا گیاکہ وہ اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کو برقرار رکھیں اور اپنے لوگوں اور خطے کی فلاح و بہبود کے لیے استحکام اور امن کے لیے کوشش کریں۔
کویت کی وزارت خارجہ نے بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی حمایت کی اور تمام علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیے بات چیت پر زور دیا۔ وزارت نے فریقین پر زوردیا کہ وہ تحمل سے کام لیں، کشیدگی سے گریز کریں اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button