پاک فوج کی جانب سے دشمن پر جوابی حملوں کی خبر سنتے ہی راولپنڈی میں جشن کا سماں
راولپنڈی: افواج پاکستان کی جانب سے دشمن پر جوابی حملوں کی خبر سامنے آتے ہی راولپنڈی میں جشن کا سماں بندھ گیا، شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہارکیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوام نے خوف و ہراس کو پس پشت ڈال کر اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا جس کا مظاہرہ شہر کے مختلف علاقوں خصوصا گیریژن زون میں دیکھنے میں آیا۔شہریوں کی بڑی تعداد نے مرکزی شاہراہوں اور عوامی مقامات پر جمع ہو کر افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے اپنی محبت و اعتماد کا اظہار کیا۔ نور خان ایئربیس کے نزدیک درجنوں افراد پاک فضائیہ کے پرچم لہراتے ہوئے پاک فضائیہ زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے جبکہ کینٹ ایریا میں عوام کا جم غفیر سڑکوں پر امڈ آیا اور قومی یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ نوجوانوں میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔انہوں نے پاک فوج کے حالیہ آپریشن”بنیان مرصوص” کو بھارت کے غرور کو خاک میں ملانے والی کارروائی قرار دیا۔ نوجوانوں نے ان حملوں پر خوشی کا اظہار کیا جن میں پٹھان کوٹ ایئربیس، براہموس میزائل ڈپو، آدم پور ایئربیس اور اوڑی سپلائی ڈپو سمیت بھارتی عسکری تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تنصیبات پاکستانی علاقوں پر حملوں کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں جن کا خاتمہ دشمن کی جارحیت کو موثر انداز میں روکنے کی حکمت عملی کا حصہ تھا۔شہریوں نے بھارت کے جدید ترین S-400فضائی دفاعی نظام کی تباہی کو پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیکنالوجی میں برتری کا مظہر قرار دیا اور فوجی قیادت کی حکمت عملی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی افواج کی جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہر بھر میں”پاکستان زندہ باد”،” پاک فوج پائندہ باد ”کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے جو اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔