مقبوضہ جموں وکشمیر میں بجلی کی بحالی کے لئے بھارتی فوج طلب
سرینگر 20 دسمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کے احتجاجی ملازمین کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد جموں میں بجلی کی بحالی کے لئے بھارتی فوج کوطلب کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی ڈی ملازمین کے احتجاج نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہزاروں صارفین کو تاریکی میں ڈبودیا ہے کیونکہ ملازمین نے اپنے مطالبات پورے ہونے تک تمام کام معطل کر رکھے ہیں۔ڈویژنل کمشنر جموں نے 9 کور اور16کور کے کمانڈنگ آفیسرز(جی او سی) کو ایک خط لکھا ہے جو جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع اور وادی چناب اور پیر پنجال سمیت جموں ڈویژن کے دیگر سات اضلاع کے ذمہ دار ہیں ۔ خط میں کہاگیا ہے کہ وہ بجلی کی فراہمی میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لینگر نے خط میں لکھا کہ یہ آپ کے نوٹس میں لایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں بجلی کے محکمے کے اہلکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے جموں خطے میں ضروری خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ہم فوج سے درخواست کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اہم بجلی اسٹیشنوں اور پانی کی فراہمی کے ذرائع کو افرادی قوت فراہم کرکے مذکورہ ضروری خدمات کی بحالی میں انتظامیہ کی مدد کرے۔ہم نے ہڑتالی ملازمین سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ہے اور اس دوران ہم بجلی کی بحالی کے لیے فوج اور دیگر ایجنسیوں سے بھی مدد لے رہے ہیں۔