مقبوضہ کشمیر:حریت فورم کی محکمہ بجلی کی نجکاری پر اظہار تشویش
سرینگر 20 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے محکمہ بجلی کے اثاثوں کی نجکاری اور اسے پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا میں ضم کرنے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت میں کسی بھی جگہ پر اس طرح کسی محکمہ کو ضم نہیں کیاگیا جیسا کہ مقبوضہ علاقے میں کیا جارہا ہے اور اس سے واضح ہو جاتا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کے قدرتی وسائل کی لولٹ مار کی پالیسی جاری ہے ۔قابض انتظامیہ کئے اس اقدام کی وجہ سے کشمیریوں پر عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ گیا ہے ۔ حریت فورم نے اس سلسلے میں محکمہ بجلی کے ہزاروں ملازمین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ جموں و کشمیر جو آبی اور دیگر قدرتی وسائل میں مالا مال ہے، سات دہائیوں کے بعد بھی بجلی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے اوراس کا خمیازہ کشمیری عوام کو شدیدسردموسم میں بھگتنا پڑرہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیاکہ اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے قابض انتظامیہ کشمیریوں کو بے اختیار کرنے اور ان کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے کے اپنے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے۔حریت فورم نے قابض انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ ان پالیسیوں سے باز رہے اور ہڑتال کرنے والے ملازمین کا مطالبات تسلیم کرے۔