مقبوضہ کشمیر:محکمہ بجلی کی نجکاری کا اصل مقصد کشمیریوں کے قدرتی وسائل کی لوٹ مار ہے
سرینگر21دسمبر ( کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے محکمہ بجلی کے ملازمین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے محکمے کی نجکاری کشمیریوں کو ان کی ملازمتوں سے محروم کرنے کی ایک اور سازش ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی کے بعد بی جے پی حکومت نے اب مقبوضہ علاقے میں اپنے نوآبادیاتی ایجنڈے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے تاکہ کشمیر کی اراضی ، آبی اور دیگر قدرتی وسائل کو کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ بجلی کی نام نہاد نجکاری کااصل مقصد کشمیریوں کے قدرتی وسائل کی بڑے پیمانے پر لوٹ مار ہے۔انہوں نے بی جے پی حکومت کی مجرمانہ ذہنیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 5اگست 2019کے بعد سے مودی حکومت نے بہت سے ایسے اقدامات کئے ہیں جن سے کشمیری عوام کے مفادات کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر کشمیریوںکو مقبوضہ علاقے میں کان کنی کے حقوق کی نیلامی ، غیر زرعی مقاصد کیلئے زرعی اراضی کے استعمال کی اجازت اور اب محکمہ بجلی کی نجکاری کشمیریوں کے خلاف مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے متعصبانہ رویے کا واضح ثبوت ہے۔حلقہ بندی کمیشن کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ ہندو اکثریتی خطے جموں کے لیے 6 اور مسلم اکثریتی وادی کشمیر کے لیے صرف ایک اضافی اسمبلی نشست کی سفارش سے انتخابی سیاست میں اکثریتی مسلم آبادی کے کردار کو کم کرنے کیلئے بی جے پی کے خطرناک عزائم ظاہر ہوتے ہیں ۔
ادھر ڈی ایف پی کے ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور ظلم وتشدد کی بھی شدید مذمت کی ہے۔