پاکستان

واشنگٹن :فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی طرف سے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کااعادہ

واشنگٹن:چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور بین الاقوامی اصولوں پر مبنی عالمی نظام کی حمایت کا اعادہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی میں ممتاز امریکی اسکالرز، پالیسی ماہرین، تزویراتی امور کے اداروں اور بین الاقوامی میڈیا بشمول امریکی تھنک ٹینکس اوراسٹریٹیجک اداروں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کر تے ہوئے کیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی، علاقائی سلامتی اور معاشی ترقی جیسے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے نہ صرف علاقائی و عالمی امور پرپاکستان کا اصولی موقف پیش کیا بلکہ ملک کے تزویراتی وژن کو بھی موثر انداز میں اجاگر کیا۔انہوں نے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی فوجی و فکری حکمت عملی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں صف اول کاملک رہا ہے اور اس سلسلے میں بے شمار جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بعض علاقائی عناصر دہشتگردی کو ہائبرڈ وار فیئر کے آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جس پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔اپنی گفتگو میں فیلڈ مارشل نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان عالمی و علاقائی تنازعات کے حل کے لیے ایک متوازن، اصولی اور غیرجانبدارانہ پالیسی پر یقین رکھتا ہے، جس میں مذاکرات، سفارتکاری اور بین الاقوامی قوانین پر عملداری کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان، باہمی تعاون پر مبنی سکیورٹی فریم ورک کی ترویج کیلئے اپنا ذمہ دارانہ اور فعال کردار جاری رکھے گا۔فیلڈ مارشل نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشتگردی، علاقائی سلامتی اور معاشی ترقی کے شعبوں میں موجود تاریخی ہم آہنگی کو اجاگر کیا اور کہا کہ باہمی احترام، مشترکہ تزویراتی مفادات اور اقتصادی ربط پر مبنی وسیع تر دوطرفہ تعلقات کے امکانات روشن اور مضبوط ہیں۔شرکا نے سیدعاصم منیر کے خیالات کو سراہا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اصولی اور مستقل پالیسی اختیار کی ہے، جس کی عالمی سطح پر قدر کی جاتی ہے۔یہ ملاقاتیں پاکستان اور امریکا کے درمیان تزویراتی مکالمے کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت اور اہم قدم قرار دی جا رہی ہیں، جو عالمی سطح پر پاکستان کے شفاف سفارتی طرز عمل اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کا عکاس ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button